اسلام آباد…..
سول و ڈیوٹی جج اسلام آباد صہیب بلال رانجھا نے سابق سفارتکار کی صاحبزادی نور مقدم کے قتل میں گرفتار ملزم کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔ ملزم کو سوموار کے روز 26 جولائی 2021ء کو دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ سول جج و جوڈیشل مجسٹریٹ تھانہ کوہسار شعیب اختر کے اتفاقیہ رخصت پر ہونے کے باعث ملزم کو ہفتہ کے روز 24 جولائی کو ڈیوٹی جج صہیب بلال رانجھا کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ملزم ظاہر جعفر کو تفتیشی آفیسر انسپکٹر عبدالستار نے عدالت کے روبرو پیش کیا۔ انسپکٹر پراسیکیوٹر ساجد چیمہ مقدمہ میں بطور سرکاری وکیل پیش ہوئے۔ سرکاری وکیل ساجد چیمہ نے عدالت کے روبرو کیس کی تمام تفصیلات اور اب تک ہونے والی پیش رفت کے بارے میں آگاہ کیا۔انہوں نے بتایا کہ تین دن میں ہم نے آلہ قتل، پسٹل نائن ایم ایم اور آہنی مکہ، سگریٹ، برآمد کیا اور بلڈ سیمپل اور مقتولہ کے خون آلود کپڑے لئے جبکہ مقتولہ اور ملزم کے موبائل فون برآمد کرنا باقی ہیں جس کے لئے 14 دن کا جسمانی ریمانڈ چاہیئے تاکہ مزید باریک بینی کیساتھ تفتیش کی جاسکے۔ اس میں زیادہ سے زیادہ ریمانڈ درکار ہے۔ مدعی کی طرف سے شاہ خاور ایڈووکیٹ پیش ہوئے ۔ جبکہ ملزم نے کہا کہ میں امریکی شہری ہوں ۔ میری طرف سے جو بات ہوگی میرا وکیل کرے گا۔ تاہم ملزم کی طرف سے کوئی وکیل پیش نہ ہوا۔عدالت نے تفتیشی آفیسر ڈیوٹی جج ہونے کا عذر بیان کرتے ہوئے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کے بجائے صرف دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا اور ملزم کو 26 جولائی 2021ء بروز سوموار عدالت کے روبرو پیش کرنے کا حکم دیا۔