حضورؐ کی ذات پوری دنیاکیلئے رول ماڈل ھے: پیرنورالحق…………………………………………اسلام آباد(.رپورٹ ;اصغر علی مبارک .) وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے ملی یکجہتی کونسل اور مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیر اہتمام کنونشن سینٹر اسلام آباد میں ’’عشق پیغمبر اعظم ؐمرکزِ وحدت مسلمین‘‘کے عنوان سے کانفرنس سے خطاب میں کہا ہے کہ نبی کریمؐ کی شخصیت کسی مخصوص جماعت یا طبقے کیلئے نہیں بلکہ وہ رحمت للعالمین ہیں،اگر پوری دنیا کیلئے کوئی رول ماڈل ہے تو وہ ہمارے نبی ؐکی ذات مقدسہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ آج پوری دنیا کی نظریں پاکستان پر لگی ہوئی ہیں، ہمیں تفرقہ بازی کے ذریعے دست و گریباں کرنے کی کوشش کی جائے گی۔انسانیت کی فلاح صرف در رسول اکرم ؐکی جانب پلٹنے میں ہے ، اس خطے میں انقلاب آچکا، سپر پاور شکست کھاکر بھاگ رہا ہے اب ہمیں محتاط رہنا ہوگا اور اس صورتحال میں اتحاد کو فروغ دینا ہے ۔جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما لیاقت بلوچ نے کہاکہ وحدت و یکجہتی ایک زندہ پیغام ہے اور ہماری باوقار زندگی کا یہی راستہ ہے ۔رسول اﷲ ؐنے کمال برداشت کے ساتھ وحدت کا پیغام دے کر نظام کو بدلا،ہمیں آج اپنی اس حالت پرغور کرنا ہو گا کہ آج امت کا شیرازہ کیوں بکھرا ہوا ہے ۔ آج کشمیر، فلسطین،یمن،روہنگیا سمیت دنیا بھر میں مسلمانوں کی بدحالی پر ہماری بے حسی اس لئے ہے کہ ہم قوم نہیں بن سکے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو دنیا کی کوئی طاقت نقصان نہیں پہنچا سکتی جب تک مسجد، منبر،امام بارگاہیں آباد ہیں۔مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس نے کہا کہ پیغمبر اسلام کی بعثت کا مقصد ایسے معاشرے کا قیام تھا جس میں تمام بشریت کیلئے عادلانہ نظام ہو، مظلوم کو انصاف ملے اور ظالم کو اس کی بربریت سے روکا جا سکے ۔استاد العلما شیخ محسن نجفی نے کہا کہ رسول کریم ؐ نے جامع نظام حیات دیا ہے جو انسان کو شعور سے آشنا کرتا ہے ۔جماعت اہل حرم کے رہنما مفتی گلزار نعیمی نے کہا کہ بین المسالک ہم آہنگی کیلئے منتظمین کی یہ کوششیں لائق ستائش ہیں۔پیپلزپارٹی کے رہنماسیدنیئرحسین بخاری،ندیم افضل چن،خرم نوازگنڈاپور، ضیاء اللہ شاہ بخاری،مفتی معرفت حسین شاہ ، پیر صفدر گیلانی ، علامہ احمداقبال رضوی ، زہرا نقوی ،عارف حسین الجانی ، سید ناصر شیرازی ، عائشہ سید،پیر سید علی رضا بخاری ، میاں محمد اسلم،ڈاکٹر طارق سلیم،ڈاکٹر عبد المالک مجاہد،ضیا اﷲ شاہ بخاری اور اصغر حسین سبزواری نے بھی خطاب کیا۔