چھبیسویں چیف آف دی نیول اسٹاف اوپن گالف چیمپئن شپ کا کراچی گالف کلب میں آغاز
اصغر علی مبارک
چھبیسویں چیف آف دی نیول اسٹاف اوپن گالف چیمپئن شپ کی افتتاحی تقریب اور میڈیا بریف آج کراچی گالف کلب میں منعقد ہوئی۔ کمانڈر کراچی ریئر ایڈمرل میاں ذاکر اللہ جان تقریب کے مہمان خصوصی تھے جنہوں نے چیمپئن شپ کا افتتاح کیا۔ میڈیا بریفنگ کے دوران، پیٹرن پاکستان نیوی گالف (ساﺅتھ) کموڈور محمد عرفان تاج نے 29 دسمبر 2022 سے 1 جنوری 2023 تک منعقد ہونے والی چیمپئن شپ اور اس کی مختلف کیٹیگریز کے حوالے سے آگاہ کیا۔انہوں نے بتایا کہ چھبیسویں چیف آف دی نیول اسٹاف اوپن گالف چیمپئن شپ 2022 پروفیشنلز، امیچورز، ویٹرنز، لیڈیز اور جونیئرز کی کیٹیگریز میں کھیلی جائے گی۔ پروفیشنلز اور امیچورز کے 72 ہولز، سینئر پروفیشنلز کے 36 ہولز ویٹرنز کے 9 ہولز، جبکہ جونیئرز اور لیڈیز کے 18 ہولز کے میچز کھیلے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ پاک بحریہ نے سی این ایس گالف چیمپئن شپ کا آغاز 1995 میں کراچی گالف کلب سے کیا جس کا مقصد پاکستان گالف فیڈریشن کے کلینڈر میں قومی سطح کے گالف مقابلے کی شمولیت تھا۔ تب سے یہ قومی گالف سرکٹ کا ایک باقاعدہ اور بڑا ایونٹ بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے مقابلے دنیا میں پاکستان کے ایک امن پسند اور کھیلوں سے رغبت والی قوم کے مثبت تاثر کو قائم کرنے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔ اس سے معاشرے میں صحت مند سرگرمیوں کو بھی فروغ حاصل ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی گالف مقابلے کا باقاعدہ آغاز قومی و بین الاقوامی سطح پرگالف کی ترویج کے لیے پاک بحریہ کے عزم کا غماز ہے۔