پاکستان نے ٹرائینگولر ٹی 20 سیزیز جیت لی فائنل میں آسٹریلیا کو 6 وکٹوں سے شکست،فخر زمان مین آف میچ قرار
مکمل ٹی 20 سیریز رپورٹ :اصغر علی مبارک سے
پاکستان نے ( ٹرائینگولر)سہ ملکی ٹی 20 سیریز جیت لی فائنل میں آسٹریلیا کو 6 وکٹوں سے شکست،فائنل میں آسٹریلیا کو 6 وکٹوں سے شکست،،فخر زمان مین آف میچ قرار ، پاکستان نے فخر زمان اور شعیب ملک کی شاندار بیٹنگ کی بدولت آسٹریلیا کو 6 وکٹوں سے ہرایا ۔ زمبابوے کے ہرارے اسپورٹس کلب میں کھیلنے جانے والے سیریز کے فائنل میں کینگروز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز بنائے جس کے جواب میں قومی ٹیم نے ہدف فخر زمان کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت 19.2 میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔مین آف میچ فخر زمان نے 46 گیندوں پر شاندار 91 رنز بنائے جس میں 3 چھکے اور 12 چوکے شامل ہیں، شعیب ملک نے 43، سرفراز احمد 28 اور آصف علی 11 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ ٹی ٹوئنٹی میں ڈیبیو کرنے والے صاحبزادہ فرحان اور حسین طلعت کوئی اسکور نہ بنا سکے۔اس سے قبل پاکستانی بالرز نے بھی شاندار بالنگ کا مظاہرہ کیا محمد عامر نے 33 رنز دے کر 3 وکٹیں لیں، شاداب خان نے 2 جب کہ فھیم اشرف، حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی نے ایک ایک وکٹ لیں۔ آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ کا ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے پر ا کہنا تھا کہ وہ ٹاس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پاکستان کو بڑا ہدف دینے کی کوشش کریں گے۔ایرون فنچ نے پاکستان کی خراب فیلڈنگ کی بدولت اپنی بات کو درست ثابت کرتے ہوئے ڈی آرسی شارٹ کے ساتھ پہلی وکٹ پر برق رفتار 95 رنز کی شراکت قائم کی۔ایرون فنچ 47 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو پاکستان نے آسٹریلوی اننگز پر ضرب لگانے کی مزید کوشش کی، تاہم ڈی آرسی شورٹ نے اپنا روایتی کھیل جاری رکھا اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کے باوجود ٹیم کا اسکور 183 رنز تک پہنچانے میں مدد کی۔پاکستان کی جانب سے محمد عامر 3 وکٹیں لے کر نمایاں باؤلر رہے، تاہم دیگر باؤلرز میں شاداب خان نے 2 جبکہ شاہین آفریدی، حسن علی اور فہیم اشرف نے ایک ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔پاکستان کی جانب سے 2 تبدیلیاں کی گئی اور اوپنر حارث سہیل کی جگہ نوجوان کھلاڑی صاحبزادہ فرحان کو ڈیبو کرانے کا فیصلہ کیا گیا عثمان شنواری کی جگہ حسن علی کو ٹیم میں شامل کیا گیا،جبکہ آسٹریلیا کی جانب سے فائنل میچ کے لیے کوئی تبدیلی نہیں کی تھی ۔فائنل جیتنے پر پاکستانی کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ٹاس جیتنے کی صورت میں بھی وہ پہلے باؤلنگ کا ہی فیصلہ کرتے۔ انہوں نے کامیابی کو ٹیم ورک قرار دیا پاکستان نے سیریز میں آسٹریلیا کے خلاف 2 میچوں میں سے دوسرے میچ میں کامیابی حاصل کی تھی جبکہ پہلے میچ میں اسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔اس کے علاوہ سیریز کی تیسری ٹیم میزبان زمبابوے کو پاکستان اور آسٹریلیا سے اپنے دونوں ہی میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔،فخر زمان مین آف میچ اور مین آف سیریز قرار دیا گیا …قبل ازیں سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے چوتھے میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔ ہرارے اسپورٹس کلب میں کھیلے گئے میچ میں سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے مساکدزا الیون کو بیٹنگ کی دعوت دی تو میزبان ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 162 رنز بنائے۔گرین شرٹس نے ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر آخری اوور میں حاصل کیا، ہدف کے تعاقب میں اوپنر فخر زمان اور حارث سہیل نے ٹیم کو جارحانہ آغاز فراہم کیا اور پہلی وکٹ پر 58 رنز جوڑے تھے کہ حارث سہیل 16 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔فخر زمان بھی ایک چھکے اور چار چوکوں کی مدد سے 38 گیندوں پر 47 رنز بنا کر سلومن مائر کا شکار بن گئے۔تیسری وکٹ پر کپتان سرفراز احمد اور حسین طلعت نے 43 رنز کی شراکت قائم کی اور ٹیم کا مجموعی اسکور 138 تک پہنچا تو حسین طلعت 44 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔سرفراز احمد 38 اور شعیب ملک 12 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ زمبابوے کو شکست دینے کے بعد قومی ٹیم نے سہ فریقی سیریز کے فائنل میں جگہ بنالی۔اس سے قبل پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے میزبان ٹیم نے محتاط انداز میں اننگز کا آغاز کیا، سلومن مائر 94 رنز بنا کر نمایاں رہے جب کہ مساکندا 33، زووائے 24 اور کپتان ہیملٹن مساکدزا 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔زمبابوین ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 162 رنز بنا سکی، گرین شرٹس کی جانب سے محمد عامر، حسین طلعت، فہیم اشرف اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔سیریز میں آسٹریلیا سے عبرتناک شکست کے بعد زمبابوے کے خلاف قومی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئیں، اوپننگ بلے باز محمد حفیظ کی جگہ حارث سہیل اور عثمان خان کی جگہ فاسٹ بولر محمد عامر کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پانچویں میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو 45 رنز سے شکست دے دی۔ہرارے اسپورٹس کلب میں کھیلے گئے میچ میں قومی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقرررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز بنائے جس کے جواب میں آسٹریلوی ٹیم 7 وکٹوں پر 149 رنز بناسکی۔سیریز کے تمام میچز میں دھواں دھار بیٹنگ کرنے والے کینگروز کپتان ایرون فنچ اس میچ میں اپنا جادو نہ چلا سکے اور صرف 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔الیکس کیری 37 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے جب کہ آرکی شارٹ 28، گلین میکسویل 10، ٹریوس ہیڈ 7، نک میڈنسن 5 اور مارکس اسٹونس 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔گرین شرٹس کی جانب سے شاہین آفریدی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3، محمد عامر، عثمان خان، شاداب خان اور فہیم اشرف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ میچ میں زبردست کارکردگی پیش کرنے پر اوپننگ بلے باز فخر زمان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ آسٹریلوی ٹیم کے کپتان ایرون فنچ نے ٹاس جیت کر پہلے سرفراز الیون کو بیٹنگ کی دعوت دی تو فخر زمان اور حارث سہیل نے اننگز کا آغاز کیا اور 8 کے مجموعی اسکور پر قومی ٹیم کو حارث سہیل کی شکل میں خسارے کا سامنا کرنا پڑا جو کوئی رنز نہ بناسکے۔حسین طلعت اور فخر زمان نے دوسری وکٹ پر شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 72 رنز جوڑے اور ٹیم کا مجموعی اسکور 80 تک پہنچا تو حسین طلعت میکسویل کی گیند پر بولڈ ہوگئے ، وہ ایک چھکے اور 3 چوکوں کی مدد سے 25 گیندوں پر 30 رنز بناسکے۔کپتان سرفراز احمد 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور آسٹریلوی بولروں کے خلاف مزاحمت کرنے والے فخر زمان 73 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد اسٹونیس کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، انہوں نے اپنی اننگز میں 44 گیندوں پر 3 چھکے اور 9 چوکے بھی لگائے۔شعیب ملک 27 اور فہیم اشرف بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے جب کہ آصف علی نے 2 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 18 گیندوں پر 37 رنز کی شاندار ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی اور قومی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز بنائے۔آسٹریلیا کی جانب سے ایشٹن اگر اور اینڈریو ٹائی نے 2،2 جب کہ گلین میکسویل اور اسٹونس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔سیریز میں پاکستان اپنے چاروں میچ کھیل چکا ہے اور تین کامیابیوں اور ایک شکست کے بعد 12 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر تھی ۔آسٹریلیا کے خلاف 73 رنز بنانے والے فخر زمان رواں سال سب سے زیادہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل رنز بنانے والے کھلاڑی بھی بن گئے، انہوں نے 68واں رنز لے کر بھارت کے شکہر دھون کو پیچھے چھوڑ دیا۔شکہر دھون نے رواں سال اب تک دس اننگز میں 419 رنز بنائے جب کہ فخر زمان ٹی ٹوئنٹی کی 12ویں اننگز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین بن چکے ہیں۔ آسٹریلیا کے خلاف قومی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئیں، حسن علی کی جگہ شاہین آفریدی اور محمد نواز کی جگہ عثمان خان کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔قومی ٹیم فخر زمان، حارث سہیل، حسین طلعت، کپتان سرفراز احمد، شعیب ملک، آصف علی، شاداب خان، فہیم اشرف، شاہین آفریدی، محمد عامر اور عثمان خان پر مشتمل تھی۔سیریز میں اس سے قبل آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گئے میچ میں قومی ٹیم کو ناقص بیٹنگ کی وجہ سے عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے تیسرے میچ میں آسٹریلیا نے زمبابوے کو 100 رنز سے شکست دے دی۔ہرارے اسپورٹس کلب میں کھیلے گئے میچ میں میزبان ٹیم کے کپتان ہیملٹن مساکدزا نے کینگروز کو بیٹنگ کی دعوت دی تاہم ان کا یہ فیصلہ غلط ثابت ہوا۔آسٹریلیا نے 20 اوورز میں زمبابوے کو 230 رنز کا بڑا ہدف دیا جس کے جواب میں پوری ٹیم مقررہ اوورز میں 129 رنز ہی بناسکی۔زمبابوے کی طرف سے سب سے زیادہ سولومون مائر نے 28 رنز بنائے اور ٹیم کے کل 9 کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔آسٹریلیا کی طرف سے میکس ویل نے 3، ایشٹن اگر نے 2 جب کہ رچرڈسن اور اسٹینکل نے ایک ایک کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔آسٹریلوی کپتان آئرن فنچ کو شاندار بلے بازی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔اس سے قبل پہلے بلے بازی کرتے ہوئے آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ اور آرکی شارٹ نے اننگز کا آغاز کیا تو شروع سے ہی جارحانہ انداز اپناتے ہوئے گراؤنڈ کے چاروں اطراف دلکش اسٹروکس کھیلے۔آسٹریلیا نے پاور پلے میں 75 رنز جوڑے جس میں کپتان فنچ کی برق رفتار 22 گیندوں پر نصف سنچری بھی شامل تھی۔فنچ اور شارٹ نے زمبابوین ٹیم کے بولروں پر لاٹھی چارج جاری رکھا اور آخری اوور میں دونوں بلے باز آؤٹ ہوگئے، دونوں بلے بازوں نے ٹی ٹوئنٹی تاریخ کی سب سے بڑی 200 رنز کی ریکارڈ اوپننگ پارٹنرشپ قائم کی۔آرکی شارٹ 46 رنز بنا کر وکٹ کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوئے جب کہ کپتان ایرون فنچ باہر جاتی ہوئی گیند کو شارٹ مارتے ہوئے وکٹ سے ٹکرا گئے اور بیل گرنے پر انہیں میدان بدر ہونا پڑا، زمبابوے کی جانب سے بلیسنگ مزربانی نے دونوں وکٹیں حاصل کیں۔فنچ نے 10 چھکوں اور 16 چوکوں کی مدد سے 76 گیندوں پر 172 رنز بنائے جس کے بعد وہ ٹی ٹوئنٹی طرز کی کرکٹ میں سب سے زیادہ انفرادی رنز بنانے والے دوسرے بلے باز بن گئے۔ اس سے قبل ویسٹ انڈین بلے باز کرس گیل کو سب سے زیادہ 175 رنز بنانے کا اعزاز حاصل تھا ۔سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوسرے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو باآسانی 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔ پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آسٹریلیا کو 117 رنز کا ہدف دیا جو اس نے 10 ویں اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کر لیا۔زمبابوے کے ہرارے اسپورٹس کلب میں کھیلے گئے میچ میں کینگروز کپتان ایرون فنچ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو گرین شرٹس کی جانب سے محمد حفیظ اور فخر زمان نے اننگز کا آغاز کیا۔ابتدا سے ہی قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن دباؤ کا شکار رہی اور صرف 24 کے مجموعی اسکور پر 4 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے، محمد حفیظ صفر، حسین طلعت 10، فخر زمان 6 اور کپتان سرفراز احمد 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔شعیب ملک کا سفر بھی 13 رنز تک محدود رہا اور آصف علی بھی 22 رنز تک ٹیم کا سہارا بنے، شاداب خان نے مزاحمت کی کوشش کی اور وہ سب سے زیادہ 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔فہیم اشرف 21، محمد نواز 6 اور حسن علی بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے اور پوری قومی ٹیم 19.5 اوورز میں 116 رنز بناسکی۔آسٹریلیا کی جانب سے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بلی اسٹینلک نے چار اوور میں 8 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں جب کہ اینڈریو ٹائی نے 3، مارکس اسٹونیس اور جے رچرڈسن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔آسٹریلیا کے خلاف ٹیم میں کوئی تبدیلی ںہیں کی گئی اور قومی ٹیم محمد حفیظ، فخر زمان، حسین طلعت، کپتان سرفراز احمد، شعیب ملک، آصف علی، شاداب خان، محمد نواز، فہیم اشرف، حسن علی اور عثمان خان پر مشتمل ہے۔زمبابوے کی طرح آسٹریلیا بھی تنازعات کی زد میں ہے، بال ٹیمپرنگ کے بعد پابندی کا شکار ہونے والے سابق کپتان اسٹیون اسمتھ، ڈیوڈ وارنر اور کیمرون بینکروفٹ کے ٹیم سے باہر ہونے کے بعد سہ فریقی سیریز میں کینگروز کی جانب سے نئے کھلاڑی شامل کیے گئے ہیں۔کینگروز کپتان ایرون فنچ کو گلین میکسویل، الیکس کیری، ایشٹن اگر، ٹرویس ہیڈ، نک میڈنسن، جے رچرڈسن، آرکی شارٹ، بلی اسٹین لیک، مارکس اسٹونس، اینڈریو ٹائی کی خدمات حاصل ہیں۔آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی طرز کی کرکٹ میں گرین شرٹس کو برتری حاصل ہے، دونوں ٹیمیں اب تک 14 مرتبہ مدمقابل آئیں جس میں پاکستان کو 8 اور آسٹریلیا کو 6 میچز میں کامیابی ملی۔ آخری مرتبہ دونوں ٹیمیں 2016 میں کھیلے جانے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں مدمقابل آئیں تھی جس میں آسٹریلیا نے گرین شرٹس کو 21 رنز سے شکست دی تھی۔ سیریز کے پہلے میچ میں زمبابوے کو شکست دینے کے بعد پاکستان کو 2 پوائنٹس حاصل تھے سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو 74 رنز سے شکست دے دی۔
ہرارے کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں قومی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے جس کے جواب میں میزبان ٹیم 108 رنز بناسکی۔زمبابوے کی جانب سے مسکندا 43، سولومون مائر 27 اور چکمبورا 13 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جب کہ 6 بلے باز ڈبل فیگر میں بھی شامل نہ ہوسکے۔پاکستان کی جانب سے محمد نواز، عثمان خان شنواری، محمد حفیظ اور حسن علی نے 2،2 جب کہ شاداب خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔ میچ میں بہترین کارکردگی پیش کرنے پر آصف علی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔اس سے قبل میزبان ٹیم کے کپتان ہیملٹن مساکدزا نے ٹاس جیت کر پہلے گرین شرٹس کو بیٹنگ کی دعوت دی تو قومی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے۔محمد حفیظ اور فخر زمان نے اننگز کا آغاز کیا اور دونوں بلے بازوں نے پہلی وکٹ پر 13 رنز کی شراکت قائم کی تھی کہ محمد حفیظ 7 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، جس کے بعد نئے آنے والے بلے باز طلعت حسین بھی زیادہ دیر کریز پر کھڑے نہ رہ سکے اور 10 رنز بنا کر چیبھایا کی گیند پر وکٹ کے پیچھے کیچ دے کر چلتے بنے۔کپتان سرفراز احمد اور فخرزمان نے تیسری وکٹ پر 34 رنز جوڑے اور ٹیم کا مجموعی اسکور 78 تک پہنچا تھا کہ کپتان ہمت ہار بیٹھے اور 16 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ فخر زمان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 3 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 40 گیندوں پر 61 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔شعیب ملک اور آصف علی نے پانچویں وکٹ پر شاندار کھیل پیش کیا اور مقررہ اوورز کے اختتام تک ٹیم کا اسکور 182 تک پہنچایا، شعیب ملک 24 گیندوں پر 37 اور آصف علی 4 چھکوں کی مدد سے 21 گیندوں پر 41 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ واضح رہے کہ زمبابوین کھلاڑیوں اور کرکٹ بورڈ کے درمیان مالی معاملات پر تنازع کے باعث سینئر کھلاڑی سہ فریقی سیریز کا حصہ نہیں جس کی وجہ سے اسکواڈ میں نئے کھلاڑی شامل کیے گئے ہیں۔زمبابوین ٹیم کے کامیاب کھلاڑی برینڈن ٹیلر ٹیم میں شامل نہیں جب کہ سکندر رضا کینیڈا میں ٹی ٹوئنٹی گلوبل لیگ کھیلنے میں مصروف ہیں، گریم کریمیر، سین ولیمز اور کریگ ایرون بھی سہ فریقی سیریز میں زمبابوے کی نمائندگی نہیں کر رہے۔ زمبابوین ٹیم کی قیادت کے فرائض ہیملٹن مساکدزا انجام دے رہے تھے اور ٹیم کے کوچ لال چند راجپوت نے بھی حال ہی میں اپنی ذمہ داریاں سنبھالی تھیں ۔ پاکستان ٹی ٹوئنٹی رینکنگ کی سب سے بہترین ٹیم ہے جبکہ زمبابوے عالمی درجہ بندی میں 12 ویں نمبر پر ہے۔ سیریز میں شامل تیسری ٹیم آسٹریلیا بھی تیسرے نمبر پر براجمان ہے۔
پاکستان نے ٹرائینگولر ٹی 20 سیزیز جیت لی فائنل میں آسٹریلیا کو 6 وکٹوں سے شکست،فخر زمان مین آف میچ قرار .. مکمل ٹی 20 سیریز رپورٹ :اصغر علی مبارک سے
Asghar Ali Mubarak



