پاکستان میں انٹرنشنل کرکٹ کی بحالی ، ویسٹ انڈیزکا دورہ پاکستان میں ٹی20 میچز کراچی میں کھیلنے کا اعلان،نجم سیٹھی ٹویٹر پیغام
(رپورٹ ؛اصغر علی مبارک سے )

. پاکستانی شائقین کرکٹ کے لیے انٹرنیشنل کرکٹ میچوں کی بحالی کے تحت ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم نے پاکستان آنے کا فیصلہ کر لیا ھے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نجم سیٹھی نے شائقین کرکٹ کویہ بریکنگ نیوز ایک ٹویٹر پیغام میں بتائی ھے پاکستان میں انٹرنشنل کرکٹ کی بحالی کے تناظر میں ویسٹ انڈیز کے دورہ پاکستان کے تینوں ٹی20 میچز کراچی میں منعقد ہون گے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈنجم سیٹھی نے بتایا کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین ٹی20 میچوں کی سیریز یکم سے 4اپریل کے دوران کھیلی جائے گی اور سیریز کے تینوں میچز کراچی میں کھیلے جائیں گے۔چیئرمین پی سی بی نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ ویسٹ انڈیز نے یکم، 2 اور 4 اپریل کو کراچی میں میچز کھیلنے پر رضامندی ظاہر کردی ہے۔
انہوں نے اپنی اگلی ٹوئٹ میں کہا کہ لاہور نے زمبابوے، ورلڈ الیون، پی ایس ایل فائنل اور سری لنکا کی میزبانی کی اور اب پی ایس ایل فائنل اور دورہ ویسٹ انڈیز کے ذریعے کراچی کے پاس چمکنے کا موقع ہے۔انہوں نے کہا کہ پی سی بی کے اس اقدام کی وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مکمل حمایت کی۔
ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو مارچ کے آخر میں پاکستان کے دورے پر آنا تھا لیکن کورلڈ کپ کوالیفائرز کیلئے ویسٹ انڈین کھلاڑیوں کی مصروفیت اور دیگر وجوہات کے سبب اب دونوں ٹیموں کے درمیان اپریل میں سیریز کھیلی جائے گی۔واضح رہے کہ 2009 میں سری لنکن ٹیم پر لاہور میں دہشت گردوں کے حملے کے بعد سے پاکستان پر انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے بند ہیں اور سیکیورٹی وجوہات کے سبب ٹیمیں پاکستان آنے سے انکار کرتی رہی ہیں۔واضح رھے کہ کراچی میں آخری انٹرنیشنل میچ 2009 میں کھیلا گیا تھا جب سری لنکا اور پاکستان کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلا گیا تھا اور اس وقت کے کپتان یونس خان نے ٹرپل سنچری بنا کر اس میچ کو امر کردیا تھا۔تاہم اسی سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا ٹیم کے اسٹیڈیم جاتے وقت دہشت گردوں نے لاہور میں مہمان کھلاڑیوں کی بس کو نشانہ بنایا تھا اور پاکستان پر عالمی کرکٹ کے دروازے بند ہو گئے تھے۔اس دوران پی سی بی نے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کی متعدد کوششیں کیں لیکن وہ کارگر ثابت نہ ہو سکیں تاہم بورڈ کو پہلی کامیابی اس وقت ملی جب 2015 ورلڈ کپ کے بعد زمبابوے کی ٹیم نے پاکستان کا مختصر دورہ کیا تھا۔تاہم اس کے بعد ایک مرتبہ پھر طویل خاموشی طاری ہو گئیاور متعدد کوششوں کے باوجود بنگلہ دیش سمیت کسی بھی ٹیم نے پاکستان آںے پر رضامندی ظاہر نہیں کی۔پاکستان سپر لیگ کے پہلے ایڈیشن کے کامیابی سے انعقاد کے بعد پی سی بی نے دوسرے ایڈیشن کا فائنل لاہور میں کرا کر بڑی کامیابی حاصل کی اور بورڈ عالمی دنیا کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔پی سی بی کو ان کوششوں کا جلد ہی ثمر مل گیا اور ورلڈ الیون نے تین ٹی20 میچوں کیلئے پاکستان کا دورہ کیا جس کے بعد سری لنکا کی ٹیم نے بھی لاہور میں ایک ٹی20 میچ کھیل کر ملک کو عالمی کرکٹ کیلئے محفوظ ملک کا درجہ دلوا دیا۔تاہم ابھی تک تمام میچز کی میزبانی صرف لاہور شہر نے کی تھی اور ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی مکمل بحالی کا خواب اس وقت تک پورا نہیں ہو سکتا تھا جب تک دیگر شہروں خصوصاً کراچی میں میچز کا انعقاد ممکن نہیں ہوتا۔پی سی بی نے ایک مرتبہ پی ایس ایل کے ذریعے کراچی میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کا منصوبہ بنایا اور نجم سیٹھی نے پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن کا فائنل کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کرانے کا اعلان کر کے ایک اور اہم قدم اٹھایا۔