ویمنز ایشیا کپ ٹی20 ٹورنامنٹ بنگلہ دیش پہلی مرتبہ ایشین چیمپیئن بن گیا
رپورٹ؛اصغر علی مبارک سےbid bd
کوالالمپورمیں ویمنز ایشیا کپ ٹی20 ٹورنامنٹ کے فائنل میں بنگلہ دیش نے اعصاب شکن مقابلے کے بعد بھارت کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر ویمن ایشین ٹی ٹوئنٹی کپ 2018 کا ٹائٹل جیت لیا۔بنگلہ دیش ویمن ٹیم نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کو مقررہ 20 اوورز میں 112 رنز تک محدود کیا۔بھارت کی جانب سے کپتان ہرمن پریت کور نے 42 گیندوں پر 56 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں میتھالی راج اور کرشنا مورتی 11،11 رنز بنا کر نمایاں رہیں۔بنگلہ دیشی باؤلرز میں خدیجۃالکبریٰ اور رومانہ احمد نے 2، 2 بھارتی کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔جواب میں 6 مرتبہ کی ایشین چیمپیئن بھارتی ویمن ٹیم نے بھی بہتر باؤلنگ کا مظاہرہ کیا تاہم بنگلہ دیشی خواتین نے میچ کی آخری گیند پر مطلوبہ ہدف حاصل کرکے بھارت سے ایشین چیمپیئن کا تاج چھین لیا۔بنگلہ دیش کی جانب سے نگار سلطانہ 27 اور رومانہ احمد 24 رنز بنا کر نمایاں رہیں، جبکہ بھارت کی جانب سے پونم یادیو نے 4 بنگلہ دیشی کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔یاد رہے کہ ٹورنامنٹ میں بھارت اور بنگلہ دیش کے ہاتھوں شکست کے بعد پاکستانی ویمن ٹیم ایونٹ سے باہر ہوگئی تھی اور بنگلہ دیشی ٹیم نے پہلی مرتبہ ایونٹ کا فائنل کھیلنے کا اعزازا حاصل کیا تھا۔گزشتہ تمام ایشین چیمپیئن شپ کا تاج اپنے سر پر سجانے والی بھارتی ویمن ٹیم کو پہلی مرتبہ فائنل میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔واضح رہے کہ پاکستان ویمن ٹیم بھی 2 مرتبہ ایشین ویمین چیمپیئن شپ کا فائنل کھیل چکی تاھم دونوں ہی مرتبہ بدقسمتی سے اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔واضح رھے ویمنز ایشیا کپ ٹی20 ٹورنامنٹ سیمی فائنل میں بھارت نے پاکستان کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 7وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا ملائیشیا کے شہر کوالالمپور میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو بالکل غلط ثابت ہوا۔ہندوستانی باؤلرز کی نپی تلی باؤلنگ کا پاکستانی ٹیم کے پاس کوئی جواب نہ تھا اور وہ وقفے وقفے سے وکٹیں گنواتی رہی۔قومی ٹیم کی ناکامی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ثنا میر 20رنز بنا کر سب سے کامیاب بلے باز رہیں اور ناہیدہ خان نے 18 رنز بنائے جبکہ اس کے سوا کوئی بھی بلے باز ڈبل فیگر میں داخل نہیں ہو سکا۔پاکستان کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر 77رنز ہی بنا سکی تھی ۔ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم بھی صرف 5 رنز پر دو کھلاڑیوں سے محروم ہو گئی لیکن 35 رنز بنانے والی کپتان ہرمن پریت کور اور سمرتی مندھانا کے 34رنز کی بدولت بھارت نے 16ویں اوور کی پہلی گیند پر تین وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کر لیا۔اس فتح کے ساتھ ہی بھارت نے لگاتار ساتویں مرتبہ ایونٹ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا ۔ایکتا بشت کو 14رنز کے عوض 3 وکٹیں لینے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔دوسری جانب بنگلہ دیش نے ملائیشیا کو باآسانی شکست دے کر فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا۔اوپنرز شمیمہ سلطانہ اور عائشہ رحمان کی 59رن کی شراکت کی بدولت بنگلہ دیش نے پہلے کھیلتے ہوئے 4وکٹوں کے نقصان پر 130 رنز بنائے، شمیمہ نے 43 اور عائشہ نے 31 رنز بنائے۔ہدف کے تعاقب میں ملائیشیا کی ٹیم مقررہ اوورز میں 9وکٹوں کے نقصان پر صرف 60رنز بنا سکی اور بنگلہ دیش نے میچ میں 70رنز سے فتح اپنے نام کر لی۔اس فتح کے ساتھ ہی بنگلہ دیش نے پوائنٹس ٹیبل پر پاکستانی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا جہاں اس کا مقابلہ بھارت سے ہو ا جسکے فائنل میں بنگلہ دیش نے اعصاب شکن مقابلے کے بعد بھارت کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر ویمن ایشین ٹی ٹوئنٹی کپ 2018 کا ٹائٹل جیت لیا