فٹ بال ورلڈ کپ 2018؛ ایران اور یوراگوئے فتح یاب، مصر اور مراکش ناکام، مراکش کے کھلاڑی نے گیند اپنے ہی گول میں پھینک دی، رونالڈو کی شاندار ہیٹ ٹرک سے اسپین کے خلاف میچ برابر

رپورٹ ؛اصغر علی مبارک سے

پرتگال نے اپنے شہرہ آفاق کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو کی شاندار ہیٹ ٹرک کی بدولت سابق عالمی چمپیئن اسپین کے خلاف فٹ بال ورلڈ کپ 2018 میں اپنے پہلے میچ کو برابر کردیا۔ ورلڈ کپ میں پرتگال کے افتتاحی میچ سے قبل اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کے ٹیکس چوری کے مقدمے میں ہسپانوی حکام کے معاملات طے پا گئے ہیں اور انہوں نے 2 سال کی معطل شدہ سزا تسلیم کرتے ہوئے جرمانہ ادا کرنے کی حامی بھر لی ہے۔ریال میڈرڈ کی نمائندگی کرنے والے پرتگالی اسٹار پر الزام ہے کہ انہوں نے گزشتہ سال جون میں تقریباً 15ملین ڈالر کا ٹیکس فراڈ کیا۔رونالڈو جب گزشتہ مرتبہ عدالت میں پیش ہوئے تھے تو انہوں نے ٹیکس چوری کے الزامات قبول کرنے سے انکار کردیا تھا لیکن اس وقت معاملات طے نہیں ہو سکے تھے اور مقدمے کی سماعت ملتوی کردی گئی تھی۔رونالڈو پر الزام تھا کہ انہوں نے ٹیکس بچانے کے لیے ورجن آئی لینڈ اور آئرلینڈ جیسے مقامات پر موجود کمپنیوں کا استعمال کیا کیونکہ ان ملکوں میں قوانین کے تحت کم ٹیکس ادا کر کے چھوٹ حاصل کی جا سکتی ہے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ ان پر یہ بھی الزام تھا کہ انہوں نے اپنی تصاویر کے حقوق سے حاصل ہونے والی آمدنی بھی ٹیکس حکام سے چھپائی۔اس کے علاوہ بھی ان پر مختلف مواقعوں پر اپنے اثاثوں کی صحیح تفصیلات ظاہر نہ کرنے اور ٹیکس چوری کے الزامات عائد کیے جاتے رہے ہیں جسے رونالڈو یکسر مسترد کرتے رہے ہیں۔لیکن ورلڈ کپ میں پرتگال اور اسپین کے درمیان میچ سے چند گھنٹے قبل رونالڈو کے ہسپانوی حکام سے معملات طے پا گئے ہیں جس کے تحت انہیں معطل شدہ 2سال کی سزا دی گئی ہے۔رونالڈو کو 21ماہ جیل کی سزا سنائی گئی ہے لیکن جس فرد کا مجرمانہ ریکارڈ نہ ہو، اسے ہسپانوی قوانین کے مطابق 2 سال سے کم کی سزا پر جیل نہیں بھیجا جا سکتا۔اسپین کے مالیاتی حکام اور پانچ مرتبہ بیلن ڈی اور جیتنے والے رونالڈو کے مشیر کے درمیان معاملات طے پا گئے ہیں جس کے تحت رونالڈو کو 20ملین ڈالر جرمانہ ادا کرنا ہو گا۔رونالڈو ابتدائی طور پر صرف 5.7ملین ڈالر ادا کریں گے جبکہ بقیہ رقم سود اور جرمانوں کی مد میں وقتاً فوقتاً ادا کی جاتی رہے گی۔دو سال قبل عدالت نے رونالڈو کے حریف اور ارجنٹائن کے عالمی شہرت یافتہ سپر اسٹار لیونل میسی کو بھی ٹیکس فراڈ کے جرم میں یکساں سزا دینے کے ساتھ ساتھ 20لاکھ یورو جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔ روس میں جاری فٹ بال ورلڈ کپ کے چوتھے میچ میں رونالڈو نے اپنی بہترین کارکردگی کو جاری رکھتے ہوئے اسپین کی مضبوط ٹیم کو جیتنے کا موقع نہیں دیا۔رونالڈو نے میچ کا پہلا گول چوتھے منٹ میں کیا اور اپنی ٹیم کو برتری دلادی جس کو 24 ویں منٹ میں ڈیاگو کوسٹا نے برابر کیا۔اسپین کی ٹیم نے خوبصورت کھیل کا مظاہرہ کیا اور میچ کے دوران کھیل میں اپنی گرفت برقرار رکھی لیکن گول کی برتری کو آخر تک جاری نہ رکھ پائی۔رونالڈو نے وقفے سے قبل 44 ویں منٹ میں ایک اور گول داغ کر میچ میں برتری حاصل کرلی تاہم وقفے کے بعد ایک مرتبہ پھر ڈیاگو کوسٹا نے اسپین کو میچ میں واپس لاتے ہوئے میچ کو 2-2 گول سے برابر کردیا۔سپین کے نوجوان کھلاڑی ناچو نے 58 ویں منٹ میں ٹیم کے لیے تیسرا گول کرکے برتری دلادی تو میچ میں اسپین کی جیت کے آثار نمایاں تھے اور اسپین نے بہترین کھیل کا سلسلہ بھی جاری رکھا۔کرسٹیانو رونالڈو نے ایک مرتبہ پھر پرتگال کو شاندار گول کے ذریعے میچ میں شکست سے بچاتے ہوئے 88 ویں منٹ میں گول کرلیا۔رونالڈو دنیا کے پہلے کھلاڑی ہیں جس نے ورلڈ کپ میں اسپین کے خلاف ہیٹ ٹرک کی اور ورلڈ کپ میں بھی یہ ان کی پہلی ہیٹ ٹرک ہے۔قبل ازیں یوروگوائے نے مصر اور ایران نے مراکش کو 1-0 سے شکست دے کر 3،3 پوائنٹس حاص کر لیے۔ورلڈ کپ 2018 کے دوسرے دن یوراگوئے اور ایران نے ایونٹ کا کامیابی سے آغاز کرتے ہوئے بالترتیب مصر اور ایران کو 1-0 سے شکست دے دی۔گروپ اے کے دوسرے میچ میں ریوراگوئے کی ٹیم مصر کے مدمقابل تھی جسے اپنے سب سے بڑے اسٹار محمد صلاح کی خدمات حاصل نہیں تھیں۔محمد صلاح گزشتہ ماہ چیمپیئنز لیگ کے فائنل میں کندھے کی انجری کا شکار ہوئے تھے اور اسی وجہ سے ایونٹ میں اپنی ٹیم کے افتتاحی میچ میں شرکت نہ کر سکے۔یوراگوئے کی ٹیم میچ کے پہلے ہی ہاف سے مصر کی ٹیم پر حاوی نظر آئی جہاں مصری ٹیم نے ابتدا سے ہی دفاعی حکمت عملی اختیار کی۔ یوراگوئے نے میچ کے پہلے ہاف میں برتری حاصل کرنے کی کافی کوشش کی لیکن 8 کھلاڑیوں پر مشتمل مصر کے دفاع نے انہیں پہلے ہاف میں گول کرنے سے باز رکھا جس کے سبب وہ برتری نہ لے سکے۔دوسرے ہاف میں بھی یوراگوئے کی ٹیم مجموعی طور پر چھائی ہوئی نظر آئی البتہ مصر کی ٹیم کو بھی چند مواقع ملے جس سے وہ فائدہ اٹھانے میں ناکام رہے۔مصر کی ٹیم دوسرے ہاف میں بھی اپنی دفاعی حکمت عملی کافی حد تک کامیاب رہی لیکن میچ کے 90 منٹ میں یوراگوئے کو ایک فری کک ملی جس پر جوز جمنیز نے گول کر کے اپنی ٹیم کو میچ میں فیصلہ کن برتری دلا دی۔اس کے بعد میچ کے اضافی 5 منٹ میں مصر کی ٹیم کوشش کے باوجود بھی مقابلہ برابر کرنے میں ناکام رہی اور یوراگوئے نے فتح حاصل کر کے قیمتی 3پوائنٹس حاصل کر لیے۔دن کا دوسرا میچ گروپ بی کی ٹیموں ایران اور مراکش کے درمیان کھیلا گیا جہاں مراکش کے کھلاڑی کی غلطی نے فتح ایران کی جھولی میں ڈال دی۔روس کے شہر سینٹ پیٹرس برگ میں کھیلے گئے گروپ بی کے پہلے میچ میں ایران اور مراکش کی ٹیمیں مدمقابل تھیں جہاں گزشتہ میچ کے برعکس دونوں ٹیموں کے درمیان زبردست مقابلہ ہوا۔میچ شروع سے ہی انتہائی تیز رہا اور دونوں ہی ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پر تابڑ توڑ حملے کرتے ہوئے برتری حاصل کرنے کی کوشش کی لیکن انتہائی جدوجہد کے باوجود بھی وہ پہلے ہاف میں گول کرنے میں ناکام رہے۔دوسرے ہاف میں دونوں ہی ٹیموں کی جانب سے قدرے محتاط کھیل کا مظاہرہ کیا گیا لیکن دونوں جانب سے ایک دوسرے کے گول پر حملوں کا سلسلہ بھی جاری رہا تاہم پچھلے میچ کی طرح اختتامی لمحات تک کوئی بھی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی۔ میچ کے 90منٹ مکمل ہونے کے باوجود 6منٹ کا انجری ٹائم دیا گیا اور اس دوران ایران کو ایک فری کک ملی جسے میدان سے باہر پھینکنے کی کوشش میں مراکش کے کھلاڑی عزیز بہادر نے گیند اپنے ہی گول میں پھینک دی اور جس کی بدولت ایران نے میچ کے اختتام سے محض چند ملحے قبل برتری حاصل کر کے مقابلہ اپنے نام کر لیا۔