این پی سی اسلام آباد: جوائنٹ سیکرٹری چوہدری جاوید بھاگٹ کی میزبانی میں ’رسجا‘ کی نو منتخب قیادت کے اعزاز میں پروقار ظہرانہ

اسلام آباد (پریس ریلیز): نیشنل پریس کلب (این پی سی) اسلام آباد کے جوائنٹ سیکرٹری چوہدری جاوید بھاگٹ کی جانب سے راولپنڈی اسلام آباد سپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن (رسجا RISJA) کی نو منتخب قیادت کے اعزاز میں ایک پروقار اور پرتکلف ظہرانے کا اہتمام کیا گیا۔ یہ تقریب صحافتی برادری کے اتحاد، باہمی احترام اور پیشہ ورانہ رفاقت کی ایک خوبصورت مثال بن گئی۔

تقریب میں رسجا کے نومنتخب صدر ابوبکر بن طلعت، سیکرٹری عنبرین علی، فنانس سیکرٹری ناصر نقوی، سیکرٹری اطلاعات ارفع فیروز، نائب صدر اصغر علی مبارک، سینئر جوائنٹ سیکرٹری ذیشان قیوم، جوائنٹ سیکرٹری اویس لطیف اور ممبر گورننگ باڈی اویس عباسی نے خصوصی شرکت کی۔ ان کے ہمراہ سینئر صحافی قربان ستی، ماجد افسر، طلعت فاروق، راجہ شوکت، شاکر عباسی اور دیگر صحافتی شخصیات بھی موجود تھیں۔

میزبان چوہدری جاوید بھاگٹ اور ان کے رفقا نے رسجا کی نو منتخب قیادت کو ہار پہنائے، گلدستے پیش کیے اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کرتے ہوئے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر تقریب خلوص اور پیشہ ورانہ ہم آہنگی کی دلکش تصویر پیش کرتی رہی۔

اپنے خطاب میں چوہدری جاوید بھاگٹ، قربان ستی، ماجد افسر اور دیگر مقررین نے صدر ابوبکر بن طلعت، سیکرٹری عنبرین علی اور ان کی پوری ٹیم کو شاندار اور تاریخی کامیابی پر دلی مبارکباد پیش کی۔ مقررین نے کہا کہ یہ فتح صحافت میں دیانت، کردار، میرٹ اور اجتماعی اعتماد کی کامیابی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ابوبکر بن طلعت اور ان کی ٹیم نے غیر معمولی بصیرت اور بہترین حکمت عملی کا مظاہرہ کرتے ہوئے موقع پرستی، ذاتی مفادات اور تنظیمی اقدار کو نقصان پہنچانے والے عناصر کا راستہ روکا۔ اس حکمت عملی کے نتیجے میں ایک ایسی باوقار اور باکردار قیادت سامنے آئی ہے جس نے نہ صرف تنظیم کے وقار کو محفوظ رکھا بلکہ اس کی ساکھ اور عزت میں بھی نمایاں اضافہ کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ مضبوط ادارے ہمیشہ مضبوط کرداروں سے تشکیل پاتے ہیں اور جب قیادت خدمت اور اخلاص کو اپنا شعار بنا لے تو تنظیمیں نئی بلندیوں کو چھوتی ہیں۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ وہ رسجا کی نئی قیادت کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے اور باہمی مشاورت سے صحافیوں کی فلاح، پیشہ ورانہ ترقی، کھیلوں کی صحافت کے فروغ اور صحت مند سرگرمیوں کے انعقاد کو مزید مؤثر اور فعال بنایا جائے گا۔

رسجا کے صدر ابوبکر بن طلعت اور سیکرٹری عنبرین علی نے چوہدری جاوید بھاگٹ کے خلوص اور شاندار میزبانی پر ان کا دلی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ جاوید بھاگٹ نے ہمیشہ نیشنل پریس کلب کو صرف ایک ادارہ نہیں بلکہ صحافیوں کے مشترکہ گھر کے طور پر مضبوط بنانے میں قابل قدر کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے نیشنل پریس کلب کے لیے چوہدری جاوید بھاگٹ کی انتھک اور مثالی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایسے مخلص اور متحرک کارکن ہی اداروں کی اصل طاقت اور سرمایہ ہوتے ہیں جو خاموشی سے خدمت کرتے ہیں اور اپنے کردار سے دوسروں کے لیے مثال قائم کرتے ہیں۔ یہ باوقار تقریب انتہائی خوشگوار ماحول اور مستقبل میں صحافتی و کھیلوں کی سرگرمیوں کے لیے مزید مضبوط تعاون کے عزم کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔