ہاکی ورلڈ کپ;کلاسیفیکیشن میچ میں پاکستان کی ساؤتھ افریقہ کے خلاف شاندار کامیابی
(اصغر علی مبارک)
ایف آئی ایچ مینز ہاکی ورلڈ کپ 2026 کے کلاسیفیکیشن راؤنڈ میں پاکستان نے ساؤتھ افریقہ کے خلاف شاندار کم بیک کرتے ہوئے پینلٹی شوٹ آؤٹ پر 3-4 سے کامیابی حاصل کر لی۔ مقررہ وقت تک مقابلہ 4-4 گول سے برابر رہا تھا۔ پاکستانی گول کیپر وقار نے بہترین کھیل پیش کیا۔
میچ کے آغاز میں ساؤتھ افریقہ نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور ڈیل لورا ٹریور نے 8 ویں منٹ اور کاسیم دایان نے 18 ویں منٹ میں گول اسکور کر کے اپنی ٹیم کو 0-2 کی برتری دلائی۔ تاہم، پاکستان نے زبردست واپسی کرتے ہوئے پے در پے گول داغے۔
پاکستان کی جانب سے افراز نے 21 ویں منٹ میں پہلا گول کیا، جس کے بعد اگلے ہی منٹ (22 ویں منٹ) میں محمد عماد نے فیلڈ گول کر کے اسکور 2-2 سے برابر کر دیا۔ میچ کے 32 ویں منٹ میں رانا وحید اشرف نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے گول اسکور کر کے پاکستان کو 2-3 کی برتری دلا دی۔
ساؤتھ افریقہ کی طرف سے کاسیم مصطفیٰ نے40 ویں اور 55 ویں منٹ میں دو متواتر گول کر کے مقابلہ 4-3 کر دیا اور اپنی ٹیم کو دوبارہ پیش قدمی دلائی۔
میچ کے آخری لمحات میں پاکستان کے محمد حماد الدین نے بہترین انداز میں بال کو جال کی راہ دکھا کر 60 ویں منٹ میں ڈرامائی انداز میں اسکور 4-4 سے برابر کر دیا۔
مقررہ وقت ختم ہونے پر میچ کا فیصلہ پینلٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا، جہاں پاکستانی کھلاڑیوں نے بہترین اعصاب کا مظاہرہ کرتے ہوئے شوٹ آؤٹ میں ساؤتھ افریقہ کو 3-4 سے ہرا کر فتح اپنے نام کی۔ پاکستانی گول کیپر وقار نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے دو یقینی شوٹ آؤٹ روکے جس کے بعد پاکستان نے 3-4 سے میچ جیت لیا۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے ٹیم کی بہترین پرفارمنس پر ٹیم کو مبارکباد پیش کی