تاریخ رقم: جرمنی چوتھی بار ہاکی کا عالمی چیمپئن ، پاکستان کا ریکارڈ برابر؛
( رپورٹ: اصغر علی مبارک):
بیلجیم کے شہر ویورے کے تاریخی بیلفیئس ہاکی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سنسنی خیز اور سانس روک دینے والے فائنل معرکے میں جرمنی نے اسپین کو 1-0 سے شکست دے کر ایف آئی ایچ مینز ہاکی ورلڈ کپ 2026 کا تاج اپنے سر سجا لیا ہے۔ اس تاریخی کامیابی کے ساتھ ہی جرمنی نے چوتھی بار عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کر کے ہاکی کی تاریخ میں سب سے زیادہ ٹائٹلز جیتنے کا پاکستان کا دیرینہ ریکارڈ برابر کر دیا ہے۔ دوسری جانب، نیدرلینڈز میں کھیلے گئے ویمنز ورلڈ کپ کے فائنل میں ارجنٹائن نے دفاعی چیمپئن نیدرلینڈز کو پنالٹی شوٹ آؤٹ پر 3-1 سے ہرا کر تیسری بار عالمی چیمپئن کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔
جرمنی بمقابلہ اسپین یورپ کے دو روایتی حریفوں کے مابین فائنل میچ توقعات کے عین مطابق انتہائی سخت اور دفاعی حکمتِ عملی پر مبنی رہا: میچ کے پہلے اور دوسرے کوارٹر میں دونوں ٹیموں نے دباؤ برقرار رکھا لیکن کوئی بھی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی، جس کے باعث میچ برابر رہا۔ کھیل کے تیسرے کوارٹر میں جرمنی نے حتمی وار کیا۔ جرمن اسٹرائیکر مائیکل اسٹرٹ ہاف نے اسپین کے مضبوط دفاع کو چیلنج کرتے ہوئے ایک شاندار فیلڈ گول اسکور کیا جس نے جرمنی کو 1-0 کی فیصلہ کن برتری دلا دی چوتھے کوارٹر میں اسپین کی ٹیم نے میچ برابر کرنے کے لیے تابڑ توڑ حملے کیے، لیکن جرمنی کے گول کیپر اور چٹان جیسے دفاع نے اسپین کی تمام کوششوں کو ناکام بنا دیا۔ ایف آئی ایچ صدر طیب اکرام کی مبارکبادعالمی ہاکی فیڈریشن کے صدر طیب اکرام نے فائنل کے فوری بعد دونوں ایونٹس کے چیمپئنز اور میڈلسٹ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا:”جرمنی کو ایک بار پھر مینز ورلڈ چیمپئن بننے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد! یہ شاندار کامیابی غیر معمولی ٹیلنٹ، ذہنی مضبوطی اور انتھک محنت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ میں اسپین کو سلور اور ارجنٹائن کو برانز میڈل جیتنے پر بھی مبارکباد پیش کرتا ہوں اور اس ورلڈ کپ کو یادگار بنانے والے تمام کھلاڑیوں کا شکر گزار ہوں۔ جرمنی نے 2002، 2006، اور 2023 کے بعد اب 2026 کا ٹائٹل جیت کر پاکستان کے ساتھ تاریخ کی سب سے کامیاب ترین ٹیم ہونے کا اعزاز شیئر کر لیا ہے پاکستان 1971, 1978, 1982, 199 4 ورلڈ کپ میں ٹائٹل جیتا,
پاکستان کے معروف تجزیہ کار اصغر علی مبارک کے مطابق، قومی ٹیم نے پول ڈی میں انگلینڈ (1-4) اور بھارت (3-5) سے شکست اور ویلز سے (3-3) ڈرا کے بعد کلاسیفیکیشن راؤنڈز میں زبردست کم بیک کیا۔ پوزیشن کے میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقا کے خلاف 1-3 کے خسارے سے نکل کر میچ 4-4 سے برابر کیا اور پھر پینلٹی شوٹ آؤٹ پر 4-3 سے تاریخی فتح حاصل کر کے ٹورنامنٹ میں 11ویں پوزیشن حاصل کی، جو گزشتہ 20 سالوں میں پاکستان کا بہترین ورلڈ کپ فنش ہے۔ اسپین کی ٹیم ورلڈ کپ کی تاریخ میں تیسری بار فائنل میں پہنچ کر سلور میڈل پر محدود رہی۔ اس سے قبل وہ 1971 بارسلونا میں پاکستان کے خلاف اور 1998 میں بھی رنرز اپ رہی تھی۔ تیسری پوزیشن (برانز میڈل): مینز میں ارجنٹائن نے کامیابی حاصل کی جبکہ ویمنز میں بیلجیم نے آسٹریلیا کو 1-0 سے ہرا کر برانز میڈل جیتا۔ 5ویں اور 6ٹی پوزیشن: آسٹریلیا نے انگلینڈ کو 2-0 سے ہرا کر پانچویں پوزیشن لی۔ 7ویں اور 8ویں پوزیشن: بیلجیم نے بھارت کو شوٹ آؤٹ پر 4-3 سے ہرا کر ساتواں نمبر حاصل کیا۔